لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ زرعی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق اب تک پورٹل کے ذریعہ 12لاکھ 89ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں،بینک آف پنجاب نے 4لاکھ 87ہزار درخواستیں کی منظوری دے دی اورکسانوں نے3لاکھ 61ہزار سے زیادہ کارڈ وصول کر لیے ہیں۔
(جاری ہے)
ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کسان کارڈ کی تعداد 5لاکھ سے بڑھاکر 7لاکھ 50ہزار کر دی گئی ہے اوراب تک کاشتکاروں نے کسان کارڈ کے ذریعے 18ارب روپے سے زائد کی خریداری کر لی ہے،کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکار بیج،کھاد اور زرعی ادویات کی خریداری کر سکتے ہیں،کاشت کاروں کو صوبہ بھر میں 2600رجسٹرڈ ڈیلرز سے گندم کی فصل کے لیے بلا سود قرضہ پر زرعی مداخل کی خریداری کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق کسان کارڈ کے لیے غیر کمپوٹرائزڈ موضع جات کے کاشتکار بھی اہل ہوں گے،کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے زرعی مداخل کی خریداری کے ساتھ 30فیصد تک رقم نکلوانے کی سہولت 20نومبر سے فراہم کر دی جائے گی جبکہ کسان کارڈ کی فراہمی کے لیے تحصیل کی سطح پر 136ڈلیوری سنٹرز قائم ہیں۔