%کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2024ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ مسلط نا اہل ، ناکام حکومت تمام صوبے میںامن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ، بد امنی قتل وقتال ، اغواء برائے تاوان میں ملوث عناصر کو مکمل سرکاری سرپرستی حاصل ہے ۔اس لئے کسی بھی واقعہ کے ملزمان نہ تو پکڑے جاتے ہیں اور نہ ہی ان کے روک تھام کے مکمل انتظامات کئے جا تے ہیں ۔ پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پر مسلسل حملے اور غلط اور بے بنیاد الزامات کے ہو تے ہوئے پارٹی نے پی ایس او کے سرکردہ کارکنوں اور ممبران کو مسلسل پرامن رہنے کی تلقید کی ہے لیکن مسلسل واقعات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان واقعات کو سنجیدگی سے نہیں لیا ہے اور نہ ہی ان لو گوں کو جو مسلسل جنگ کی فضاء اور عملی جنگ مسلط کرتے رہے ہیں انہیں روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی ہے حکومت کی نااہلی، ناکامی صوبے اور خصوصاً بولان میڈیکل یونیورسٹی کے معمول کی پڑھائی میں حائل ہوتی نظر آرہی ہے ۔
(جاری ہے)
پشتونخو سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کے آزادی کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی51 ویں برسی کے لئے مکمل تیاری کرنی ہو گی اور ہم سب پر یہ فرض و ذمہ داری عائد ہے کہ پاکستان بننے سے پہلے اور قیام پاکستان کے بعد وہ تمام سیاسی ، جمہوری جدوجہد کو اپنا تے ہوئے انہوں نے ایک ایسا کردار ادا کیا ہے جو تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ خان شہید کو ملک کو قوموں کی فیڈریشن اعلان کرنے اور فیڈریشن کے آئین کی تشکیل اور آئین کے تحت جہانی طور پر موروج ووٹ کی پرچی کے مطالبے پر مسلسل جیلوں میں ڈالتے رہے ہیں آج ملک کو جن بحرانوں کا سامنا ہے اس میں سب سے اہم سیاسی عدم استحکام کا بحران ہے جس سے حل کئے بغیر ملک کو ہمہ جہت بحرانوں سے نکالا مشکل ہو گا اور سیاسی استحکام کیلئے لازمی اور ضروری ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو رہا کر کے ملک کو سیاسی عدم استحکام سے نجات دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام غلط داخلہ وخارجہ پالیسیوں کے نتیجے میں جن بحرانوں کا سامنا ہے اس میں عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں مہنگائی اپنی عروج پر ہے اور بے روزگاری شدید سے شدید تر ہو تی جا رہی ہے ملک کے صورتحال اور ملک کے ارد گرد کے واقعات کو سنجیدگی سے لینا ہو گا اور مل بیٹھ کر ملک کے مسائل کا حل نکالنا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے PSOضلع کوئٹہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ( ضلعی کمیٹی کوئٹہ ) کا اجلاس زیر صدارت ضلعی سیکرٹری یار محمد بریال منعقد ہوا ۔اجلاس میں کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس سے اجلاس نے سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر کرنے اور اپنے تنظیمی کام میں تیزی لانے اور خان شہید عبدالصمد خان کی برسی کے تیاریوں کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں بولان میڈیکل کالج کے ناخوشگوار واقعہ پر تفصیلی غور خوص کر تے ہوئے کہا گیا کہ متعدد بار پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پر مسلح لوگ حملہ آور ہو تے رہے ہیں حکومت کی جانب سے نہ اس کا نوٹس لیا گیا ہے نہ ہی واقعات کی کوئی تحقیقات ہوئی ہے اور مسلسل کالج کی پڑھائی میں خلل پڑا ہے اور مسلسل غلط اور بے بنیاد الزامات لگتے رہے ہیں۔ پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور ان کے زخمی اور مقید ڈاکٹرز جو گزشتہ رات کو رہا ہوئے تھے اجلاس میں حاضر تھے اور اپنی تنظیم اور پارٹی کے ساتھیوں کو صورتحال کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا ۔اجلاس میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی اطلاعات سیکرٹری طالیمند خان، مرکزی مالیات سیکرٹری سید لیاقت آغا، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان سمیت پارٹی کے دیگر صوبائی رہنمائوں اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدید داروں نے شرکت کی۔ پروگرام سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ضلعی سیکرٹری اور اجلاس کے صدر یار محمد بریال، جنوبی پشتونخوا زون کے زونل ڈپٹی آرگنائزر ہارون خان، زونل ڈپٹی آرگنائزر بشیر افغان، زونل رابطہ آرگنائزر محمود اچکزئی، زونل مالیات آرگنائزر نواز خان خپلواک نے خطاب کیا۔ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کوئٹہ کے ضلعی کمیٹی میں کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں کے عہدہ داران اور ساتھیوں نے شرکت کی اور تدریسی و سیاسی رپورٹ پیش کی جس پر پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور پارٹی کے عہدہ داران نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سارے یونٹوں کو برصغیر ہندوستان کے عظیم سپوت خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے برسی کو عقیدت سے منانے کی تلقین کی گئی۔ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے عہد کیا کہ کوئٹہ میں ہمیشہ کی طرح پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا ایک عظیم الشان مرکزی جلوس نکلے گا۔ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جلسے میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو خاج عقیدت پیش کرنے کیلئے شرکت کرینگے۔ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بولان میڈیکل کالج کے اسیران ساتھیوں کے عظم و استقامت کو بہت سراہا گیا اور اسیران ساتھیوں نے بھی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو یہ باور کرایا کہ وہ اپنے قوم اور پارٹی کیلئے ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہینگے۔ اور اس جدوجہد میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور پارٹی چیئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی کے پیروکار ہونے کا عملی ثبوت پیش کرینگے۔ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مشران نے اپنے زخمی ساتھی اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا کے زونل آرگنائزر سیف اللہ خان کی صحت یابی کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کئے۔