آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا
ہوبارٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 نومبر 2024ء ) آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے دیا گیا 118 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا ۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریزر اور میتھیو شارٹ نے کیا، میتھیو شارٹ 2 رنز بنا کر شاہین کی گیند پر عرفان خان نیازی کو کیچ دے بیٹھے۔
جیک فریزر بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 18 رنز بنا کر جہانداد خان کی گیند پر عثمان خان کو دے کر پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان جوش انگلس نے کچھ دیر مزاحمت دکھائی اور 24 گیندوں پر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کینگروز کی جانب سے آل راؤنڈر مارکس سٹوئنس نے قومی باؤلرز کی خوب پٹائی کی اور 27 گیندوں پر 5 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔
(جاری ہے)
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 19 ویں اوور میں پوری ٹیم محض 117 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ عثمان خان صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 41 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ عرفان خان 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے علاوہ عباس آفریدی بھی ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔ ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔ سلمان علی آغا کا کہنا تھا ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کپتان محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ حسیب اللہ وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کینگروز نے گرین شرٹس کو 13 رنز سے ہرایا تھا۔