پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے
ہوبارٹ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 نومبر 2024ء ) پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ٹی ٹونٹی میں 118 رنز کا ہدف دیدیا۔ آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے جارہے ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغاز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ عثمان خان صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 41 رنز بناکر ایڈم زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ عرفان خان 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس کے علاوہ عباس آفریدی بھی ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔
(جاری ہے)
ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 5 رنز اسکور کیے۔ سلمان علی آغا کا کہنا تھا ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، کپتان محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ حسیب اللہ وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کینگروز نے گرین شرٹس کو 13 رنز سے ہرایا تھا۔