27 جولائی ، 2024
معروف پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور کے نئے گانے ’توری جاندی‘ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر دیکھنے والوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی۔
گانا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک سمیت دیگر میوزک چارٹ پر ٹاپ ٹین پوزیشن پر آگیا ہے۔ گانے کو ہمسایہ ملک میں بھی پذیرائی ملنا شروع ہوگئی۔
نامور بھارتی گلوکار دلیر سنگھ مہدی، ہنس راج ہنس، جسی جسپیر اور رفاقت علی خان نے شازیہ منظور کو ان کے گانے کی مقبولیت پر مبارکباد پیش کی اور ان کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ان فنکاروں کا کہنا تھا شازیہ منظور میوزک کی دنیا میں لیجنڈ گلوکارہ ہیں، جنہوں نے اپنے جتنے بھی گیت گائے، وہ اب تک زبان زدعام بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا یہ نیا گانا ’توری جاندی‘ نے بھی ریکارڈ کامیابی حاصل کی ہے، جو میوزک کے دلدادہ افراد کو بےحد پسند آیا ہے۔
دوسری جانب نامور گلوکارہ شازیہ منظور کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوک اسٹوڈیو کے اس گانے کو نامور موسیقار ذوالفقار جبار خان نے بہت ہی خوبصورت انداز میں پروڈیوس کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوک اسٹوڈیو کی تمام ٹیم ممبران نے اپنی محنت سے ایسا میوزک شائقین تک پہنچایا ہے، جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔ گانے کی ویڈیو دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں پہنچ گئی جبکہ ٹک ٹاک ایپ پر بھی ٹرینڈنگ سونگ بن گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی آواز کے ذریعے دنیا بھر میں امن، پیار اور محبت کا پیغام دینے کے ساتھ میوزک کے چاہنے والوں کو اچھی موسیقی فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہوں۔