ڈیلس: استاد حامد علی خان کی جادوئی غزل نائٹ میں ڈالروں کی بارش

ڈیلس: استاد حامد علی خان کی جادوئی غزل نائٹ میں ڈالروں کی بارش

19 نومبر ، 2024

استاد حامد علی خان— فائل فوٹو
استاد حامد علی خان— فائل فوٹو

پاکستان کے 2 صدارتی ایوارڈ حاصل کرنے والے منفرد کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان نے ڈیلس میں غزل نائٹ کی جادوئی شام میں بھرپور پرفارمنس دے کر حاضرین کو سحر زدہ کر دیا۔

انہوں نے محفل کا آغاز اپنے مخصوص انداز میں راگ درباری سے کیا تو محفل میں موجود ہر شخص جھوم گیا اور سامعین پر سحر سا طاری ہو گیا۔

حامد علی خان کی ہر تان، ہر لے اور ہر بندش پر حاضرین نے بھی دل کھول کر داد دی۔

استاد نے اپنی مشہور غزلیں لگی رے توسے لگی اور مینو تیرے جیا سوہنا پیش کیں تو انہوں نے سامعین کے دلوں کو چُھو لیا جبکہ انہوں ایک نیا گیت بھی پیش کیا۔

استاد حامد علی خان نے پٹیالہ گھرانے کی روایتی بندشیں بھی پیش کیں جو کہ ان کی موسیقی کا ایک خاصہ سمجھی جاتی ہیں۔

محفل کے دوران موسیقی کے شائقین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے استاد حامد علی خان پر ڈالروں کی بارش کر دی۔

یہ منظر اس بات کا غماز تھا کہ استاد کے فن کی ملک سے باہر بھی کتنی قدر کی جاتی ہے۔

حاضرین نے ناصرف گلوکاری کو سراہا بلکہ تالیاں بجا کر اور واہ واہ کے ساتھ اپنی بھرپور خوشی کا اظہار بھی کیا۔

یہ پروگرام رات گئے تک جاری رہا جس میں سامعین کی فرمائشوں پر انہوں نے کئی غزلیں اور گیت پیش کیے۔

حاضرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دلوں میں اس شام کی خوبصورت یادیں ہمیشہ کے لیے محفوظ کر کے جا رہے ہیں، یہ محفل اس بات کی گواہی تھی کہ کلاسیکی موسیقی کا جادو آج بھی عوام الناس کے دلوں پر راج کرتا ہے اور استاد حامد علی خان اس جادو کے بے تاج بادشاہ ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے حاضرین سے مخاطب ہو کر کہا کہ ڈیلس کے حاضرین کو مجھے سنا کر خوشی حاصل ہوئی، آپ انتہائی باذوق ہیں۔

استاد حامد علی خان نے کہا کہ سنگیت اور سروں کے سرگم میں ہماری دہائیاں بیت جاتی ہیں اس لیے ہم اس کے اثرات پر بھی سوچتے ہیں، تو اس سلسلے میں میرا یہ تجربہ رہا ہے کہ جو لوگ اچھا میوزک سنتے ہیں وہ دنیا میں بھی اچھا کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح تربیت کے لحاظ سے ایک عام آدمی اور خاندانی آدمی میں فرق ہوتا ہے اس طرح مجھے فخر ہے کہ میں استاد امانت علی اور سلامت علی خان کا چھوٹا بھائی ہوں۔

یاد رہے کہ استاد حامد علی خان کا تعلق پاکستان کے معروف پٹیالہ گھرانے سے ہے جو کلاسیکی موسیقی میں اپنی گہری جڑوں کے بطور جانا جاتا ہے۔

ان کے والد استاد اختر حسین خان، بھائی استاد امانت علی خان اور استاد فتح علی خان موسیقی کی دنیا میں اپنی الگ پہچان رکھتے تھے۔

استاد حامد علی خان کو 2007ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا جبکہ 2010ء میں انہیں ستارۂ امتیاز دیا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید

خاص رپورٹ سے مزید

اس پر پڑھیں انٹرٹینمنٹ Header Banner