ایپکس کمیٹی اجلاس: بلوچستان میں دہشتگرد تنظیموں کیخلاف فوجی آپریشن کی منظوری

نیشنل ایپکس کمیٹی نے بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری دے دی۔

ایپکس کمیٹی اعلامیے کے مطابق فورم نے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے متحد سیاسی آواز اور قومی بیانیے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ نیکٹا کی بحالی پر اتفاق کرتے ہوئے قومی اور صوبائی انٹیلیجنس فیوژن اور تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر قائم کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایپکس کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان، وزرائے اعلیٰ کے علاوہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بطور وزیراعظم ان کے اور بطور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے پاس سب سے پہلے دہشت گردی کا سر کچلنے کے علاوہ کوئی چوائس نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر اہم موقع پر اسلام آباد میں دھرنا ہوجاتا ہے، ملک دھرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی میں رکاوٹ بننے والے کو نتائج بھگتنا ہوں گے، سب کو مل کر دہشتگردی کے ناسور سے لڑنا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی انسداددہشت گردی مہم کو دوبارہ فعال کرنا تھا، شرکاء کو سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی، دیگر اہم چیلنجز کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو ملک میں امن و امان، مذہبی انتہاپسندی سے نمٹنے کی کوششوں، غیر قانونی اسپیکٹرم اور جرائم کے گٹھ جوڑ کےخلاف اقدامات اور دہشت گردی کے نیٹ ورک، تخریب کاری اور غلط معلومات کی مہمات سمیت دیگر امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کیلئے متحد سیاسی آواز، قومی بیانیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ قومی اتفاق رائے، وژن کے تحت قومی انسداد دہشت گردی مہم دوبارہ فعال کرنے کیلئے اہم ہیں۔

اس پر پڑھیں قومی خبریں Header Banner