باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2024ء) وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے شہر باکو میں وزیر اکانومی میکائیل جیباروف سے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی بالخصوص تجارت میں اضافےاور باہمی معاہدوں سمیت مختلف آپشنز پر بات چیت کی۔ آذر بائیجان کے وزیر اکانومی سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے باقاعدہ اجلاس میں باہمی تجارت و دو طرفہ تعلقات اور تعاون میں اضافے پر بات چیت کی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آذربائیجان میرا دوسرا گھر ہے اور یہ ہمارے دلوں کے نزدیک ملک ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آذربائیجان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید بڑھائیں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے آذربائیجان کی حکومت سے پاکستان میں نجکاری کے حوالے سے جی ٹو جی اور بی ٹو بی کی طرز پر شراکت پر مذاکرات ہوئے جس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے وزیر اکانومی میکائیل جیباروف کو پی آئی اے،زرعی ترقیاتی بینک،ڈسکوز،یوٹیلیٹی سٹورز اور دیگر منصوبوں کی پرائیوٹائزیشن میں شامل ہونے کی پیشکش کی۔
(جاری ہے)
آذربائیجان کے وزیر اکانومی میکائیل جیباروف نے پاکستان سے باکو کی ڈائریکٹ فلائٹ پر بھر پور اطمینان کا اظہارکیا جس میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے باکو کی فلائٹ سے ہمارے ٹورازم میں اضافہ ہوا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان ایل این جی اور رینیوایبل انرجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، ہمیں تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے ٹھوس اور قابل عمل اقدامات کرنے ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں شعبہ مواصلات میں بھی آذربائیجان کو باہمی تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ سکھر سے کراچی موٹروے ایم 6بندرگاہ سے براہ راست منسلک ہے، آذربائیجان اس میں حصہ لے،انہوں نے کہا کہ ہمیں اس باہمی تعاون اور دو طرفہ امور کو جوائنٹ وینچرز اور ایم او یوز سے آگے لیکر جانا ہے۔آذربائیجان کے اس دورہ میں آذربائیجان کے وزیر اکانومی میکائیل جیباروف نے خود وفاقی وزیر سرمایہ کاری،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کا گرم جوشی سے استقبال کیا جس پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی عوام کیلئے خیر سگالی اور برادرانہ جذبات کا اظہار کیا ،اس پر دونوں وزراء کا کہنا تھا کہ اس خطےمیں ترکیہ،آذربائیجان اور پاکستان کے عوام ایک دوسرے سے شیر و شکر ہیں۔