اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2024ء) آئی ٹی ایف پاکستان پی پی ایل سید دلاور عباس ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ لیگ ٹو کے بوائز سنگلز کے مقابلوں میں پاکستان کے ابوبکر طلحہ نے دوسرے رائونڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔منگل کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے بوائزسنگلز کے پہلے رائونڈ کے مقابلوں میں کوریا کے سیون جی نے جاپان کے یوٹا نشیکوری کو 6-4، 6-2 سے شکست دی، کوریا کے یونگ چائے اوہ نے پاکستان کے حمزہ رومان کو سخت مقابلے کے بعد 4-6، 6-4، 7-6(4) سے ہرایا۔ اسی طرح دیگر میچز میں پاکستان کے ابوبکر طلحہ اور کوریا کے منوو کم نے کامیابی حاصل کرکے اگلے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔گرلز سنگلز کے دوسرے رائونڈ میں سری لنکا کی دینارا ڈی سلوا اور کوریا کی آ ہین، چیئرین لی اور سو یونا نے اپنے حریفوں کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کیں۔
(جاری ہے)
ڈبلز کے پہلے رائونڈ کےمقابلوں میں پاکستان کے بلال عاصم اور احمد نائل قریشی کی جوڑی نے تھائی لینڈ کے پاتم لکسا کلپورن اور آریاپھول لیکول کو 6-2، 6-2 سے ہرایا ،ٹورنامنٹ کے مزید میچز کل بدھ کو صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ایونٹ میں پاکستان سمیت جاپان، چین، تھائی لینڈ، سری لنکا، کینیڈا، کوریا، جرمنی، قازقستان، مالدیپ، سنگاپور، امریکہ، بیلاروس اور روس کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔قبل ازیں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل، اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر مجید بشیر، سیکرٹری طفیل چیمہ، پی پی ایل کے چیف کارپوریٹ سروسز جی علی نون (اسپانسر)، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن لندن کے سپروائزر محمد عارف قریشی اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔افتتاحی تقریب کے دوران طارق محمود نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کے لیے بہتر قیام و طعام اور ٹورنامنٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔