لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ پنجاب انڈر گریجویٹ ہونہار سکالرشپ سکیم کی لانچنگ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے سکالرشپ سکیم میں پیش رفت اور لانچنگ کی تیاریوں پر بریفنگ لی۔ وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ ہونہار سکالرشپ سکیم میں مجموعی طور پر 68 ہزار سے زائد طلباء نے اپلائی کیا۔ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں سے تقریباً 59 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ جبکہ اپلائی کرنے والوں میں 60 فیصد تعداد طالبات کی ہے۔
اس موقع پر وزیر تعلیم نے کہا کہ انڈرگریجویٹ نوجوانوں کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تاریخ کی سب سے بڑی سکالرشپ سکیم لائے ہیں جس میں ہر یونیورسٹی سے نوجوانوں نے درخواست دی۔ انہوں نے اجلاس کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ درخواستوں کی سکروٹنی ہر صورت میرٹ کی بنیاد پر کی جائے اورکسی طالبعلم سے زیادتی نہ ہونے دی جائے۔ اس ضمن میں رانا سکندر حیات نے تمام عمل کی خود مانیٹرنگ کا عندیہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ سکالرشپ سکیم کی لانچنگ کیلئے ہر یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد کیا جائے اور اس ضمن میں شیڈول مرتب کر کے پیش کیا جائے۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ شمالی، جنوبی، وسطی پنجاب کی بڑی یونیورسٹیوں میں لانچگ تقاریب کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ سکالرشپ سکیم کم آمدن والے گھرانوں کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شاندار اقدام ہے جس سے ہر سال 30 ہزار انڈرگریجویٹ طلباء مستفید ہوں گے۔
واضح رہے وزیر اعلیٰ ہونہار سکالرشپ سکیم میں پنجاب و وفاق کی 65 یونیورسٹیوں، 359 کالجز اور 12 میڈیکل کالجز کے طلباء نے اپلائی کیا۔