نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2024ء) افغان خواتین کی جدوجہد پر مبنی دستاویزی فلم ’بریڈ اینڈ روزز‘ ریلیز کیلئے تیار ہووگئی۔ دستاویزی فلم میں طالبان کے زیر تسلط افغانستان میں خواتین کی زندگیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے، فلم کی ہدایتکار افغان فلمساز سہرا مانی ہیں، جب کہ جینیفر لارنس اور ملالہ یوسفزئی اس پروجیکٹ کے اہم معاون ہیں،دستاویزی فلم 22نومبر 2024ء کو اپیل ٹی وی پلس پر نشر کی جائے گی۔فلم کی کہانی تین افغان خواتین ڈاکٹر زہرہ محمدی، شریفا موحدزادہ، اور ترنم سیدھی کے گرد گھومتی ہے جو طالبان کی جانب سے عائد پابندیوں کے باوجود اپنی مزاحمت جاری رکھی ہوئی ہیں۔ فلم کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ان خواتین نے اپنی زندگیوں کی خود فلم بندی کی ہے جس سے ان کے حالات اور جدوجہد کی اصل تصویر پیش کی گئی ہے۔
(جاری ہے)
دستاویزی فلم میں خواتین کی تعلیم اور روزگار پر پابندیوں سمیت ان کے ساتھ کئے جانے والے صنفی امتیاز کو اجاگر کیا گیا ہے، جسے کئی ماہرین نے صنفی اپارتھائیڈقرار دیا ہے۔
ہدایتکار سہرا مانی نے مقامی خواتین کو کیمرے استعمال کرنے کی تربیت دی تاکہ وہ اپنی کہانیاں موثر طریقے سے دنیا تک پہنچا سکیں۔ ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جینیفر لارنس نے افغان خواتین کے حالات کو عالمی توجہ دلانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ یہ فلم خواتین کی جرات اور حقوق کی جنگ کا آئینہ ہے۔ بریڈ اینڈ روز کا عنوان خواتین کی آزادی اور مساوات کے لیے جاری جدوجہد کی علامت ہے۔