اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نارووال یونیورسٹی کے طلباء اور طالبات سے ملاقات کی اور انھیں تعلیمی میدان میں مزید محنت کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ طلباء اور طالبات یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے تھے۔ احسن اقبال نے مختلف کھیلوں میں شرکت کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ اگلے دس سالوں میں ہر قومی ٹیم میں نارووال کے طلباء ہونے چاہئیں۔کھیلوں کا تعلق انسان کی کردار سازی سے ہے۔ قوم کے ہیرو ارشد ندیم کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے وسائل کی کمی کے باوجود ملک کا نام روشن کیا۔
(جاری ہے)
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ محنت اور لگن ہو تو وسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔
طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تعلیم اور تحقیق کو ترقی کا واحد راستہ قرار دیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ہنر اور قابلیت کو ملک کی خدمت کے لیے استعمال کریں۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور طلباء کے لیے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اس ملاقات میں ناروال یونیورسٹی کے طلباء نے اپنے تجربات اور تعلیمی چیلنجز سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ وزیر منصوبہ بندی نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔متعلقہ عنوان :