23 نومبر ، 2024
پاکستانی اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان نے اداکار کی موجودہ اہلیہ و دیگر اہلِ خانہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر علیزہ سلطان نے معنی خیز انسٹا اسٹوری شیئر کی ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں اپنے سابق شوہر و اداکار اور ان کے اہلِ خانہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر دکھاوے کا الزام عائد کر دیا۔
انہوں نے انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ اور جب بچے بیمار ہوتے ہیں، وہ انہیں میرے دروازے پر چھوڑ کر فرار ہو جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ علیزہ سلطان کی یہ معنی خیر انسٹاری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فیروز خان کی موجودہ اہلیہ ڈاکٹر زینب نے گزشتہ روز فیروز اور علیزہ سلطان کی چھوٹی بیٹی فاطمہ کے ہمراہ چند تصاویر شیئر کی تھیں۔
ڈاکٹر زینب کے مطابق فاطمہ فیروز نے ان کے کلینک کا دورہ کیا جہاں ان دونوں نے خوش گوار وقت ساتھ گزارا۔
اس موقع پر سوشل میڈیا صارفین ڈاکٹر زینب کا ان کے سوتیلے بچوں کے ساتھ اچھا رویہ دیکھ کر ان کی تعریفیں کر رہے تھے۔
اس سے قبل فیروز خان اور ان کی بہن و اداکارہ حمائمہ ملک بھی دونوں بچوں سلطان اور فاطمہ کے ساتھ سیر سپاٹے، موج مستی کرتے اور معیاری وقت گزارتے مختلف تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔
ایسے میں علیزہ سلطان مذکورہ انسٹا اسٹوری کے ذریعے طنزیہ انداز میں یہ بات کہتی نظر آ رہی ہیں کہ اداکار فیروز خان اور ان کے اہلِ خانہ سوشل میڈیا پر دکھاوے کے لیے پوسٹنگ کرتے ہیں اور جب بچے بیمار ہوتے ہیں تو وہ صرف ان کی والدہ یعنی علیزہ سلطان کی ذمے داری بن جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار فیروز خان اور ان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان کے درمیان بچوں کی تحویل کے معاملے پر تصفیہ ہوا تھا، جس کے مطابق فیروز خان بیٹے سلطان کو اپنے پاس رکھیں گے جبکہ بیٹی فاطمہ اپنی والدہ علیزہ سلطان کے پاس رہیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیروز اور علیزہ کو اپنے بچوں سے کسی بھی وقت فون یا ویڈیو کال کے ذریعے بات کرنے کی آزادی ہو گی۔
اس کے علاوہ فیروز خان بیٹی فاطمہ کے اخراجات کے لیے علیزہ سلطان کو ماہانہ 75000 روپے دیں گے اور اس رقم کی ادائیگی وہ ہر ماہ کی 3 تاریخ تک کریں گے جبکہ بیٹے سلطان کے تمام اخراجات بھی فیروز خان اُٹھائیں گے۔
تصفیے میں بیٹی فاطمہ کے ماہانہ اخراجات میں 10 فیصد کا سالانہ اضافہ بھی شامل ہے اور فیروز خان بیٹی کے تعلیمی اخراجات کے ساتھ ساتھ کسی بھی طرح کے ایمرجنسی اخراجات کے بھی ذمے دار ہیں۔
یاد رہے کہ اداکار فیروز خان نے علیزہ سلطان سے 2018ء میں شادی کی تھی جس کے بعد اس جوڑی کے ہاں 2019ء میں پہلے بیٹے سلطان اور فروری 2022ء میں بیٹی فاطمہ کی پیدائش ہوئی تھی۔
اس جوڑی نے 2 بچوں کی پیدائش کے بعد راہیں جدا کرتے ہوئے ستمبر 2022ء میں طلاق لے لی تھی۔