دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2024ء) دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے سوشل میڈیا گروپ پاکستانی ان دبئی میں 2لاکھ پاکستانیوں کی رکنیت کے حصول کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ہفتہ کو یہاں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق عجمان میں پی آئی ڈی بزنس سمٹ کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، کاروباری رہنماں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔قونصل جنرل حسین محمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو متحد کرنے والے ایک مرکز میں ارتقا کے لیے " پاکستانی ان دبئی " کی تعریف کی۔ قونصل جنرل نے پلیٹ فارم کے منتظمین کی کی لگن کو سراہا اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کا ڈیٹا بینک بنانے کی تجویز پیش کی تاکہ مشغولیت اور تعاون کو بڑھایا جا سکے۔
(جاری ہے)
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی معیشت، ثقافت اور سماجی تانے بانے میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شراکت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے شارجہ میں پاکستان بزنس کونسل کے قیام جیسے حالیہ اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جس کا مقصد اقتصادی ترقی اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے کاروباری دوستانہ ماحول اور پاکستانی کمیونٹی کی حمایت پر اظہار تشکر بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرتے رہیں۔قونصل جنرل نے " پاکستانی ان دبئی" اور اس کے 200,000 ممبران کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کی ا ور کہا کہ ایک دوسرے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دیں۔