کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2024ء) نصیرآباد گرین نے انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے سپورٹس گالا کرکٹ ٹورنامنٹ 2024 جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں نصیر آباد وائٹ کو شکست دے دی۔ ایف سی 114 ونگ کے کرنل کمانڈنٹ رضوان علی طیب فائنل میچ کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے دونوں ٹیموں سمیت دیگر آفیشلز میں انعامات تقسیم کئے۔ ایف سی 114ونگ کی جانب سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھی نقد انعامات دئیے گئے ۔
(جاری ہے)
کرنل کمانڈنٹ رضوان علی طیب نے فائنل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے خوشی ہورہی ہے کہ گرائونڈ میں بڑی تعداد میں شائقین موجود ہیں ،نصیر آباد میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے لیے عوام کی دلجوئی قابل دید ہے ،ہماری بھرپور کوشش رہے گی کہ علاقے کو امن کا گہوارہ بنایا جائے تاکہ نصیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں امن کی فضا برقرار ہو اور سپورٹس سمیت دیگر خوشی کے میلے اسی طرح سجتے رہیں اور عوام پرسکون زندگی بسر کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اسپورٹس کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ان کی ذہنی اور جسمانی طور پر نشونما ہو سکے ،صحت مند انہ سرگرمیاں انسانوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں ۔