پاکستان پی پی ایل سید دلاور عباس ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ لیگ ٹو : چین کے ژی یوان گو فاتح، گرلز سنگلز کا ٹائٹل سری لنکا کی دینارا ڈی سلوا کے نام

ہفتہ 23 نومبر 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2024ء) چین کے ژی یوان گو نے پاکستان پی پی ایل سید دلاور عباس ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ لیگ ٹو جیت لی جبکہ گرلز سنگلز کا ٹائٹل سری لنکا کی دینارا ڈی سلوا نے اپنے نام کیا۔ہفتہ کو کھیلے گئے بوائز سنگلز کے فائنل میں چین کے ژی یوان گو نے کوریا کے سیون جی کو 7-6(3),6-2 سے ہرا کر بوائز ٹائٹل اپنے نام کیا۔گرلز سنگلز کے فائنل میں سری لنکا کی دینارا ڈی سلوا نے قزاخستان کی کیرولینا لیگائی کو 3-6اور4-6 سے ہرا کر گرلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے زیر اہتمام آئی ٹی ایف پاکستان پی پی ایل سید دلاور عباس ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ لیگ ٹو پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں دنیا بھر سے 80 جونیئرز کھلاڑیوں نے شرکت کی۔جن میں پاکستان، جاپان، چین، تھائی لینڈ، سری لنکا، کینیڈا، کوریا، جرمنی، قزاخستان، مالدیپ، سنگاپور، امریکہ، بیلاروس اور روس کی نمائندگی کرنے والے 50 لڑکے اور 30 ​​لڑکیاں شامل تھے۔ طارق محمود مرتضیٰ چیئرمین اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ جی علی نون پی پی ایل مہمان اعزاز تھے۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اعصام الحق قریشی صدر پی ٹی ایف اور کرنل ضیاء الدین طفیل سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف بھی اختتامی تقریب میں موجود تھے اور انعامات تقسیم کئے۔ اختتامی تقریب میں ایڈووکیٹ ماجد بشیر صدر آئی ٹی اے، طفیل چیمہ سیکرٹری آئی ٹی اے ،کھلاڑیوں، کوچز اور والدین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner