پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ اتوار کو کوئنز سپورٹس کلب ، بلاوایو میں کھیلا جائے گا

ہفتہ 23 نومبر 2024 19:10

بلاوایو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2024ء) پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (کل) بروز اتوار کو کوئنز سپورٹس کلب ، بلاوایو میں کھیلا جائے گا ، رواں ماہ پاکستان کی یہ دوسری ون ڈے سیریز ہے ، گرین شرٹس نے اس سے قبل آسٹریلیا کو اس کی سر زمین پر 1-2 سے شکست دی تھی، عاقب جاوید کی عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی ون ڈے سیریز ہو گی، انہیں چیمپینز ٹرافی تک یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ، پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ محمد رضوان کی قیادت میں بدھ کو زمبابوے پہنچا تھا اور ون ڈے سیریز سے قبل تین پریکٹس سیشنز کئے، پندرہ رکنی سکواڈ میں عرفات منہاس، بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد ، احمد دانیال ، شاہنواز دھانی اور طیب طاہر کو شامل کیا گیا ہے، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آخری بار ون ڈے سیریز نومبر 2020 میں راولپنڈی میں کھیلی گئی تھی جہاں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی ، پاکستان نے زمبابوے کے آخری دورے پر جولائی 2018 میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو وائٹ واش کیا تھا ، کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز ہمارے لیے اتنی ہی اہم ہے کیونکہ ہمارا مقصد اپنی بینچ اسٹرینتھ کو جانچنا ہے اور آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے منصوبہ بندی کرنی ہے، ہمارا مقصد آخری ون ڈے سیریز کی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے، ہمارے تینوں اہم کھلاڑیوں کے آرام کرنے کے بعد یہ دیکھنا دلچسپی کا حامل ہو گا کہ دوسرے کھلاڑی اس سیریز میں کس طرح پرفارم کرتے ہیں، انہوں نے کہا گزشتہ چار برسوں میں متعدد بار زمبابوے کے خلاف کھیلنے کے بعد ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ سیریز چیلنجنگ ہو گی اور آسٹریلیا میں تاریخی جیت کے بعد ٹمپرامنٹ کا بھی امتحان لے گی۔

اس پر پڑھیں کھیلو ں کی خبریں Header Banner