لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے ایکشن اسٹار شان شاہد کو سوشل میڈیا پر اپنی فٹنس شیئر کرنی مہنگی پڑگئی ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق اداکار شان شاہد کا اصل نام ارمغان شاہد ہے اور انہیں انڈسٹری کے ورسٹائل اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے کیرئیر میں تقریباً 500 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
شان نے حال ہی میں اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ اپنی فٹنس شیئر کی، ان کی پاسٹ کی گئی تصاویر میں انہیں اپنے باتھ روم میں شاور لیتے بنا شرٹ کے دیکھا گیا۔
پوسٹ کے کیپشن میں شان شاہد نے لکھا کہ ’آپ کا سفر ورزش کے بعد ختم نہیں ہوتا، یہ تو صرف شروعات ہے۔‘
اداکار کو صارفین کی جانب سے ان تصاویر پر ملا جلا ردعمل ملا۔
کچھ لوگوں نے شان کی فٹنس جرنی کو سراہا جبکہ کچھ افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں شرٹ لیس پوسٹ پر آڑے ہاتھوں لیا۔
صارفین کی جانب سے ملنے والی اس تنقید کے بعد شان شاہد بھی خاموش نہ رہ سکے اور ردعمل کا اظہار کردیا۔
شان شاہد نے تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’مردوں اور عورتوں کو خالق نے برابر بنایا ہے، لیکن دونوں کو مختلف تحفے دیے ہیں۔ مردوں کو جسمانی طاقت جبکہ عورتوں کو خوبصورتی، صبر، نرمی، طاقت اور حیا کی دولت عطا کی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں 50 سال کی عمر میں اسکرپٹ کے مطابق اپنی شکل بدلنے کی کوشش کرتا ہوں، یہ میرا کام ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ مجھے صحت اور جسم کی دیکھ بھال کرنے کی طاقت ملی ہے۔‘
اداکار شان شاہد نے ناقدین کو جواب میں مزید کہا کہ ’میں اپنی عمر کے لوگوں کو فٹنس کے لیے متاثر کرنے کی کوشش بھی کرتا ہوں۔ دنیا نے مردوں کو بغیر شرٹ رہنے کا حق دیا ہے، اور ہو سکتا ہے کہ بہت سے لوگوں کو ان حقوق سے مسئلہ ہو، لیکن میں نے یہ معاشرہ نہیں بنایا، میں اس کا صرف ایک حصہ ہوں۔ تاہم، اگر کوئی اسے تبدیل کرنا چاہتا ہے، تو وہ خوش آمدید ہیں۔ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ان کی پوسٹ میری پوسٹ سے زیادہ وائرل ہوگی۔‘
فلم ”خدا کیلئے“ میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار شان شاہد نے فقط 19 برس کی عمر میں فلم ”بلندی“ (1990ء) سے لالی ووڈ میں قدم رکھا اور لالی ووڈ کے زوال کے دور میں بھی فلموں میں کام جاری رکھا، جن پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود شان کی اداکاری اور شخصیت میں کوئی منفی اثر دکھائی نہیں دیا۔