خواتین کو ہر میدان میں آگے بڑھتے دیکھنے کا قائل ہوں:وزیر تعلیم رانا سکندر حیات

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن کے موقع پر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فی میل سٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ خواتین کو ترقی کرتا دیکھ کر دلی اطمینان ہوتا ہے۔ خواتین کو ہر میدان میں آگے بڑھتے دیکھنے کا قائل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد قابل مذمت فعل ہے۔ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کے حوالے سے ٹھوس مؤقف اپنا رکھا ہے۔  فی میل اساتذہ کی ہراسمنٹ کے خلاف خود ایکشن لے رہا ہوں۔ اس ضمن میں ہراسمنٹ کا شکار خواتین اساتذہ کی ہراسمنٹ کے خلاف 20 سے زائد ایف آئی آر خود درج کروا چکا ہوں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کو محفوظ ماحول دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ خواتین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی پنجاب کی پہلی ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروائی۔  پنجاب میں لڑکیوں کی تعلیم پر بالخصوص فوکس کیا جا رہا ہے۔ بچیوں کو تعلیمی سہولیات دینے کیلئے محکمہ تعلیم کو خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں۔ دوسری جانب تعلیمی اداروں میں لڑکیوں کی سکلز ڈویلپمنٹ کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔

 وزیر تعلیم نے کہا کہ وائس چانسلرز، ڈائریکٹر کالجز، سی ای اوز کو بھی خواتین اساتذہ اور وزٹرز کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور سائل خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنانے کی ہدایت کر رکھی ہے۔  خواتین کو بااختیار و محفوظ ماحول دیا جائے تو بہتر پرفارم کر سکتی ہیں۔

اس پر پڑھیں روزنامہ پاکستان - تعلیم اور صحت Header Banner