لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2024ء) سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام کھیلتا پنجاب گیمز 2024 کے ڈویژنل سطح کے مقابلوں کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ رنگارنگ افتتاحی تقریب جمنیزیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود اورڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے لاہور ڈویژن کی سطح پر کھیلتا پنجاب گیمز کا افتتاح کیا ہے۔کمشنر لاہوراور ڈی جی سپورٹس پنجاب نے ڈویژنل سطح کے مقابلوں کی ٹرافی کی رونمائی کی اور بیڈمنٹن کھیل کر میچ کا افتتاح کیا ۔ کھیلتا پنجاب گیمز کے ڈویژنل سطح کے مقابلوں کا افتتاح 25نومبر بروز پیر سے پنجاب کے تمام ڈویژنز میں کردیا گیا ہے۔ یہ مقابلے 25نومبر سے 4دسمبر تک ہوں گے۔
(جاری ہے)
کمشنر لاہورنے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلتا پنجاب گیمز 2024کے ضلعی سطح کے مقابلے کامیابی سے منعقد ہوچکے ہیں ،اب25نومبر سے پورے پنجاب کے تمام ڈویژنز میں ڈویژنل سطح کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں،کھیلتا پنجاب گیمز میں ایک لاکھ بیس ہزار کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت کھیلتا پنجاب گیمز کے مقابلے ضلعی سطح سے لے کر صوبائی سطح تک منعقد ہورہے ہیں،ضلعی سطح پر کھیلتا پنجاب گیمز میں 6جبکہ ڈویژن سطح پر 12کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ کھیلوں سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے،ڈویژن سطح پر چاروں اضلاع کے بہترین ونر کھلاڑی اور ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی،ڈی جی سپورٹس پنجاب اور ان کی ٹیم نے کھیلتا پنجاب گیمز کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ڈی جی سپورٹس پنجاب نے افتتاحی تقریب کے موقع پر کمشنرلاہور کو سوینئر پیش کیا ۔افتتاحی تقریب میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر لاہورنے بھی خطاب کیا ہے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ، ڈائریکٹر ایڈمن ، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ظہور احمد، عطا الرحمن، چاند پروین، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر عباس اور مرد و خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔