پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما سردار لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت گھٹنے ٹیک چکی تھی، بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر تیار تھی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملوانے کےلیے بیرسٹر محمد علی سیف کو جیٹ طیارے سے لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کو جلد رہا کرنے پر تیار تھی، رکاوٹ تب آئی جب کہا گیا کہ رہا کردیں گے، ہمارا مطالبہ فوری رہائی کا تھا۔ پھر بیچ میں کچھ لوگوں نے تخریب کاری کرکے معاملات خراب کردیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی بڑھکیں مارتے تھے کہ کوئی ڈی چوک آکر دکھائے، اتنے زیادہ ناکوں کے بعد بھی لوگ اسلام آباد پہنچے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے شہید کارکنوں کے اہل خانہ کو ایک، ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی شہادت پر ایف آئی آر درج کرائیں گے، کوشش ہوگی ہم ایف آئی آر خیبر پختونخوا میں درج کرائیں، ہمیں علم ہے اسلام آباد میں ہماری ایف آئی آر کوئی درج نہیں کرے گا۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ تحریک ایسے ختم نہیں ہوتی کہ تشدد کرکے اٹھا لیا، ابھی تو ہم گئے ہی نہیں تحریک جاری ہے، اسلام آباد بھی آئیں گے اور ہماری حکومت بھی ہوگی۔