اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہےکہ حکومت گھٹنے ٹیک چکی تھی اور عمران خان کی رہائی پر تیار تھی، رکاوٹ تب آئی جب کہا گیا کہ رہا کردیں گے، ہمارا مطالبہ فوری رہائی کا تھا۔
"جیو نیوز" کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بیچ میں کچھ لوگوں نے تخریب کاری کرکے معاملات خراب کردیئے۔ تحریک ایسےختم نہیں ہوتی کہ تشدد کرکےاٹھالیا، ابھی تو ہم گئے ہی نہیں تحریک جاری ہے، اسلام آباد بھی آئیں گے اور ہماری حکومت بھی ہوگی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ بڑھکیں مارتے تھے کہ کوئی ڈی چوک آکر دکھائے، اتنے زیادہ ناکوں کے بعد بھی لوگ اسلام آباد پہنچے۔ وزیراعلیٰ کے پی نے شہید کارکنوں کے اہلخانہ کو ایک ایک کروڑ روپے دینےکا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی شہادت پر ایف آئی آر درج کرائیں گے، کوشش ہوگی ہم ایف آئی آر خیبرپختونخوا میں درج کرائیں، ہمیں علم ہے اسلام آباد میں ہماری ایف آئی آر کوئی درج نہیں کرےگا۔