سلمان خان سے لڑائی کے باوجود ویویک اوبرائے نے کتنی دولت کمائی؟ جان کر آپ بھی دنگ رہ جائیں گے

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارت کے مشہور اداکار ویویک اوبرائے نے اپنی فلمی ناکامیوں اور تنازعات کو پیچھے چھوڑ کر کاروباری دنیا میں ایک کامیاب نام بنا لیا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے 12 کروڑ روپے مالیت کی لگژری کار رولز رائس کلینن خریدی، جس نے سب کو حیران کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2002 میں فلم "کمپنی" سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے ویویک نے "ساتھیا"، "مستی" اور "اومکارا" جیسی ہٹ فلموں سے شہرت حاصل کی۔ تاہم، ان کی ذاتی زندگی، خاص طور پر ایشوریا رائے کے ساتھ تعلقات اور سلمان خان کے ساتھ تنازع نے ان کے کیریئر کو متاثر کیا۔

ویویک اوبرائے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے فلمی کیریئر کے بائیکاٹ کی خبریں بھی سامنے آئیں، لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی۔ مختلف رپورٹس کے مطابق، ان کا نیٹ ورتھ 1200 کروڑ بھارتی روپے ہے، جو انہیں بھارت کے 15 امیر ترین اداکاروں میں شامل کرتا ہے۔

ویویک کی دولت کا بڑا حصہ ان کے کاروبار سے آتا ہے۔ وہ رئیل اسٹیٹ کمپنی "کرما انفرااسٹرکچر" کے مالک ہیں اور "اکوا آرک" کے بانی ہیں، جو راس الخیمہ میں 2300 کروڑ روپے کا پروجیکٹ ہے۔ اس کے علاوہ وہ یونیورسٹی کے شریک بانی اور کئی اسٹارٹ اپس میں اینجل انویسٹر ہیں۔

ویویک کا کہنا ہے کہ ان کے کاروبار نے انہیں اداکاری کو اپنے شوق کے طور پر جاری رکھنے میں مدد دی۔  انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا "میں لوگوں کو یہی کہتا ہوں کہ مالی آزادی حاصل کریں تاکہ آپ اپنے اور اپنے بچوں کے خواب پورے کر سکیں،"۔

ویویک اوبرائے کو حال ہی میں روہت شیٹی کی ویب سیریز "انڈین پولیس فورس" میں دیکھا گیا، جو ایمیزون پرائم پر دستیاب ہے۔

اس پر پڑھیں ڈیلی پاکستان - انٹرٹینمنٹ Header Banner