ایوارڈ اگر کسی نااہل کو ملتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے: نبیل ظفر

پاکستانی معروف اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر نبیل ظفر کا کہنا ہے کہ ایوارڈ فنکار کی تعریف کا ذریعہ ہے، کئی مرتبہ نااہل افراد کو ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے ساتھی فنکار فیصل قریشی کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے شکوہ کیا ایوارڈ فنکار کی قدردانی کا ذریعہ ہیں، اگر یہ کسی نااہل کو ملے تو تکلیف ہوتی ہے۔

اداکار کے مطابق ایوارڈ کی صورت میں اگر گھر ملے اور وہ کسی نااہل کو چلا جائے تو مسئلہ نہیں ہے کہ چلو کسی فنکار کو گھر تو ملا لیکن ایسا نہیں ہے، یہ فنکار کی قدر اور تعریف کا ذریعہ ہے۔

نبیل ظفر کے مطابق ہمارے یہاں اعزاز سے نوازتے وقت جانبدار رویہ اختیار کیا جاتا ہے جو غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل پاکستان میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈز حاصل کرنے والے اداکار اپنے ایوارڈز کا جواز پیش کر رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ ایسے ایوارڈ کا کیا فائدہ جس کے بعد آپ لوگوں کو بتائیں کہ آپ نے یہ ایوارڈ کیوں حاصل کیا ہے؟ اس طرح کا ایوارڈ نہ لینا بہتر ہے۔

اداکار نے وضاحت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مجھے ایوارڈ شوز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ایوارڈ شوز ضرور ہونے چاہئیں، لیکن ایوارڈ اہل افراد کو دیے جائیں، ویسے فنکار کا حقیقی اعزاز عوام اور مداحوں کا پیار ہے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔

اس پر پڑھیں انٹرٹینمنٹ Header Banner