واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکا نے چین کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے تائیوان کو 385 ملین ڈالر مالیت کے ایف-16 جنگی طیاروں کے پارٹس اور ریڈارز کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایف-16 کے سپیئر پارٹس اور ریڈار کی فروخت کی منظوری دے دی ہے جن کی لاگت 385 ملین ہے، سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے تائیوان کو جدید موبائل سبسکرائیبر آلات کی فراہمی کی اجازت بھی دے دی ہے جس کی لاگت کا تخمینہ 65 ملین ڈالر لگایا گیا ہے اور اس معاہدے کا ٹھیکا جنرل ڈائنامکس کو دیا گیا ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ انہیں توقع ہے کہ مذکورہ اسلحے کی فراہمی ایک ماہ کے اندر شروع ہوجائے گی اور ان آلات سے ایف-16 طیاروں کو بحال رکھنے اور قابل اعتماد دفاعی فورسز تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے تائیوان کو باقاعدہ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باوجود اسلحے کی فروخت کے معاہدے کیے جا رہے ہیں، جس پر چین کا سخت ردعمل ہوتا ہے کیونکہ چین کا ماننا ہے کہ تائیوان ان کی ریاست کا ایک حصہ ہے، چین نے جمعے کو ایک بیان میں امریکا پر زور دیا تھا کہ وہ تائیوان کے ساتھ اپنے تعلقات پر احتیاط برتیں۔