اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2024ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لئے ”گرینڈ ڈائیلاگ“ ناگزیر ہے۔ہفتہ کوپی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خامیوں اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے باوجود حکومت تمام اہم مسائل پر اپوزیشن کے ساتھ بامعنی بات چیت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بار بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکشیں کیں جن میں چارٹر آف اکانومی کی تجویز بھی شامل ہے جس کا مقصد قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا تعمیری بات چیت کو فروغ دینے کے بجائے نفرت کو بھڑکانے پر زیادہ توجہ مرکوز کرتا نظر آتا ہے۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت نے سیاسی مذاکرات شروع کرنے کی سنجیدہ کوششیں کی ہیں، پی ٹی آئی نے ان اقدامات کو مسلسل سبوتاژ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفاد حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہماری تمام کوششیں ملک اور لوگوں کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہونی چاہئیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست کو قوم پر کبھی فوقیت نہیں دینی چاہیے۔یہ ملک ہماری سیاست کی بنیاد ہے۔ اس کے بغیر سیاست نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور خوشحالی سب سے پہلے ضروری ہے۔متعلقہ عنوان :