پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2024ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کو نشیوں اور پیشہ ور گداگروں سے مکمل پاک پاکستان کا مثالی شہر بنایا جائے گا، نشیئوں اور پیشہ ور گداگروں کی بہتات کی وجہ سے پھولوں کے شہر پشاور کی خوبصورتی شدید متاثر ہو رہی ہیں، پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ کمشنر پشاور ڈویژن کے دفتر سے جاری بیان میں کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 3 کروڑ20لاکھ روپے فنڈز کی فراہمی کے بعد نشے سے پاک پشاور مہم کے بعد اپنی نوعیت کے پہلے گداگروں سے پاک پشاور مہم بھی اگلے ہفتے سے شروع کی جائے گی اور پورے ضلع کو پیشہ ور گداگروں سے پاک کرکے حکومتی تحویل میں لیا جائے گا۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ حکومتی تحویل میں پیشہ ور گداگروں کو معاشرے کے مفید شہری بنانے کےلیے ان کو صوبائی محکمہ ٹویوٹا کے ذریعے مختلف ہنر سکھائے جائیں گے، گداگروں کو حکومت کی جانب سے مفت رہائش خوراک اور تربیت فراہم کی جائے گی۔
خواتین گداگروں کے لیے الگ سنٹر مختص کیا گیا ہے جہاں ان کی مفت رہائش اور تربیت کی سہولیات فراہم کی گئی ہے۔ کم عمر گداگر بچوں کے لئے الگ عمارت مختص کر کے ان کو بھی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ مفت رہائش اور خوراک فراہم کی جائے گی. اس مقصد کےلیے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام ایک بڑی بلڈنگ کرایہ پر حاصل کی جائے گی جس میں شہر میں موجود گداگروں کی تعداد کے مطابق افراد کے رہائش کی گنجائش ہوگی، مستحق گداگروں کو ہنر سکھانے کے علاوہ ان کو روزگار بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گداگروں کی تعداد کے بارے میں سروے پہلے ہی مکمل کرلی گئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ گداگروں کو استعمال کرنے والے مافیا کی بھی نشاہدہی ہوچکی ہے۔گداگروں کو استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چند روز میں تیاریاں مکمل کر کے پیشہ ور گداگروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔ کریک ڈاؤن کےلیے ضلعی انتظامیہ، پشاور پولیس، اور محکمہ سماجی بہبود پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔فنڈز کی فراہمی اور سرپرستی کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی اور مشیر خزانہ مزمل اسلم چوہدری کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گداگروں سے پاک پشاور مہم کے سلسلے میں 2 دسمبر بروز پیر کو کمشنر آفس پشاور میں تمام متعلقہ اداروں کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں گداگروں کے خلاف کارروائی کےلیے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔