راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2024ء) ورلڈ ڈس ایبلٹی ڈے کے حوالے سے پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (پی پی ڈی سی اے) کے زیر اہتمام کوارٹینگولر فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ 3 دسمبر (منگل )سے راشد لطیف اکیڈمی گراونڈ میں شروع ہو گا ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر امیر الدین انصاری نے بتایا کہ ایونٹ میں سندھ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر مد مقابل ہوں گی اور لیگ مقابلوں کے بعد دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 6 دسمبر کو کھیلا جائے گا ، انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز دو میچوں کا فیصلہ ہو گا ، پہلے میچ میں سندھ اور پنجاب جبکہ دوسرے میچ میں کے پی کے اور بلوچستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ، انہوں نے کہا کہ 3 دسمبر کو ورلڈ ڈس ایبلٹی ڈے کی مناسبت سے قومی پی ڈی کرکٹرز کیک بھی کاٹیں گے، جنرل سیکرٹری پی پی ڈی سی اے اور ممبر ورلڈ کونسل پی ڈی کرکٹ امیرالدین انصاری کے مطابق مزکورہ ایونٹ سری لنکا میں ہونے والے چار ملکی پی ڈی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا حصہ ہے، ریجنل ہیڈ لاہور اور سیالکوٹ جاوید اشرف کو ٹورنامنٹ کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے جبکہ محمد نظام میڈیا مینیجر کے فرائض انجام دیں گے، ٹورنامنٹ کا افتتاح مہمان خصوصی صدر پی پی ڈی سی اے عمران بلوانی کریں گے، اس موقع پر ورلڈ ڈس ایبلڈ ڈے کو شاندار انداز میں منانے کے لیے ایک کیک بھی کاٹا جائے گا، جنرل سیکرٹری پی پی ڈی سی اے امیرالدین انصاری نے رینجنل ہیڈ کی مشاورت کے بعد ایونٹ میں شرکت کرنے والی چاروں صوبائی پی ڈی ٹیموں کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔