'شادی سے پہلے فونز پر باتیں ہوئیں اور 2 بار باہر ملے'،  ثمینہ احمد کامنظر صہبائی سے شادی کی پیشکش سے متعلق دلچسپ انکشاف

کراچی (ویب ڈیسک)  پاکستان کی لیجنڈ اداکارہ ثمینہ احمد نے اپنے شوہر منظر صہبائی کی جانب سے شادی کی پیشکش کرنے سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔

ثمینہ احمد اور منظہر صہبائی کووڈ لاک ڈاؤن کے دوران 4 اپریل 2020 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، جوڑے کے نکاح کی چھوٹی سی تقریب لاہور میں منعقد کی گئی جس میں رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔ اب ایک انٹرویو میں سینئر اداکارہ نے اپنے اور منظر صہبائی کے تعلق کے بارے میں کُھل کر بات کی ہے۔

ثمینہ احمد نے بتایا کہ شادی کی پیشکش منظر صہبائی کی جانب سے کی گئی تھی، ایک دن ہم ایسے ہی بیٹھے تھے کہ انہوں نے کہا آؤ شادی کرلیتے ہیں، میں چونک گئی، میں نے جواب دینے کے بجائے سوال کیا کہ کیا آپ کو واقعی ایسا لگتا ہے کہ ہمیں شادی کرنی چاہیے؟ اداکارہ نے کہا جواب میں منظر بولے ہاں مجھے یہی لگتا ہے، تم کیا کہتی ہو؟ جس پر میں نکاح کے لیے رضامند ہوگئی۔

 اپنی پروان چڑھتی دوستی سے متعلق ثمینہ احمد نے کہا کہ ہم دونوں نے ایک ساتھ ایک ڈرامے میں کام کیا تھا، اس وقت ہمارے بیچ ایسا کچھ نہیں تھا ، نہ ہمیں اندازہ تھا کہ مستقبل میں یہ ہونے والا ہے، جب ڈرامے کی شوٹنگ آخری مراحل میں پہنچی تو ہماری دوستی ہوئی اورہلکی پھلکی بات چیت شروع ہوئی۔

سینئر اداکارہ نے بتایا مجھے منظر صہبائی کی شخصیت کافی دلچسپ لگی، ڈرامے میں ہم نے بیوی اور شوہر کا کردار نبھایا تھا لیکن ہماری اس وقت باتیں نہیں ہوئیں، ڈرامہ ختم ہوا تو ہماری بات چیت شروع ہوئی، پھر ہم فونز پر باتیں کیا کرتے تھے، میں نے اور منظر نے ایک یا دو بار باہر کھانے پر ایک دوسرے سے ملاقات کی۔

اس پر پڑھیں ڈیلی پاکستان - انٹرٹینمنٹ Header Banner