اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ’ژونگ‘ نے آن لائن بکنگ پورٹل اور ہوم ڈلیوری سروس متعارف کرا دی۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ژونگ فور جی کے ترجمان کی طرف بتایا گیا ہے کہ آن لائن بکنگ پورٹل اور ہوم ڈلیوری سروس ژونگ کے اختراعی اقدامات ہیں، جن کے ذریعے ژونگ کمپنی اپنی مصنوعات اور سروسز کو صارفین کے گھر کے دروازے تک پہنچانا چاہتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آن لائن بکنگ پورٹل کے ذریعے صارفین نئے پری پیڈ سم کارڈز، ڈیٹا سمز، ایم بی بی ڈیوائسز، سم کنورژن اور سم کارڈ کی تبدیلی سمیت دیگر سروسز گھر بیٹھے حاصل کر سکتے ہیں۔ ابتدائی طور پر آن لائن بکنگ پورٹل اور ہوم ڈلیوری سروس پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت53شہروں میں متعارف کرائی گئی ہے، تاہم جلد پورے پاکستان میں شہریوں کو یہ سروسز مہیا کی جائیں گی۔
اس وقت جن شہروں میں یہ سروس دستیاب ہیں ان میں پنجاب کے شہر لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، قصور، ساہیوال، جہلم ، گجرات، منڈی بہاﺅالدین، ڈسکہ ، خان پور، اگوکی، سیالکوٹ، ننکانہ، رائے ونڈ، شیخوپورہ، سرگودھا، جھنگ، بوریوالہ، خانیوال، سرائے عالمگیر، سندھ کے شہروں میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، کوٹری، میرپور خاص، نواب شاہ، شکارپور، پنوں عاقل، لاڑکانہ، خیبرپختونخوا کے شہر پشاور، ایبٹ آباد، ڈی جی خان، ہری پوری، پبی، چارسدہ، ہری پور، تانگی، نومان،شبقدر،مانسہرہ، مردان اور بلوچستان کے شہروں میں کوئٹہ اور حب، آزاد جموں و کشمیر کے شہروں میں ڈڈیال، میر پور، چکسواری، بھمبر اور گلگت بلتستان کے شہروں میں گلگت شامل ہیں۔