کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی سٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے بنائی گئی پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی کی ویب سیریز ’برزخ‘ ہم جنس پرستی پر مبنی مناظر کے سبب ناظرین کی کڑی تنقیدکی زد میں آ گئی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق اس ویب سیریز میں فواد خان بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں، جس کی پہلی قسط 19جولائی کو زندگی یوٹیوب چینل اور زی فائیو پر ریلیز ہوئی۔
سیریز کی دوسری اور تیسری اقساط بالترتیب 23اور 26جولائی کو ریلیز ہوئیں، جن میں دو مردوں کی باہم بوس و کنار سمیت دیگر ہم جنس پرستانہ مناظر دکھائے گئے۔دوسری اور تیسری قسط میں فواد خان اور صنم سعید کو سوتیلے بہن بھائی کے روپ میں دکھایا گیا۔
سیریز میں مردوں کی بوس و کنار پر مبنی مناظر دیکھ کر شائقین اسے غیرملکی ایجنڈے کو فروغ دینے کا مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔حمیرا صدیقی نامی ایک صارف نے سوشل میڈیا پرسیریز کے پوسٹ ہونے والے کلپ پر کمنٹس میں لکھا ہے کہ ”یہ لوگ کون سی ثقافت دکھا رہے ہیں؟ نام مسلمانوں والے اور کہانی غیرمسلموں والی۔“
ایک اور صارف لکھتے ہیں کہ ”فواد نے یہ ڈرامہ بھارتی مداحوں کو خوش کرنے کے لیے کیا ہے، صرف پیسوں کے لیے، شرم آنی چاہیے سب پاکستانی اداکاروں کو، جب بھی انڈیا کے چینل ان سے کام کرواتے ہیں تو گھٹیا کام کرواتے ہیں اور یہ بڑے فخر اور خوشی سے قبول کرتے ہیں۔ جب یہ انڈیا جاتے ہیں تو کوئی خاص کردار نہیں دیتے ان کو۔“
مدیحہ راشد نامی خاتون لکھتی ہیں کہ”فواد خان اس طرح کے ڈرامے میں کیسے کام کر سکتے ہیں، جس کی کہانی کا کوئی سر پیر ہی نہیں ہے، بس ننگا پن ہے۔“