پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2024ء) خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور وفاقی ادارے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے چترال میں مقامی معاشی و تجارتی شعبوں کو اجاگر کرنے اور اہم امکانی سرمایہ کاری شعبوں سے متعلق سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے حوالے سے رواں سال میگا ایکسپو اور اکنامک ڈویلپمنٹ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ایکسپو میں مقامی پیداواری اور خصوصی اہمیت کی حامل پرکشش سرمایہ کاری کے شعبوں کے حوالے سے 60 کے قریب سٹال لگائے جائیں گے جبکہ مقامی اقتصادی اور امکانی معاشی شعبوں کی جانب سرمایہ کاروں کی ترغیب کیلئے کانفرنس میں ان شعبوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس حوالے سے بدھ کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں بورڈ کے ڈائریکٹر بزنس فیسلٹیشن اقبال سرور،ڈی جی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نعمان بشیر اور پراوینشل چیف سمیڈا رشید امان کے علاوہ کے پی ایزڈمک،ایس آئی ڈی بی،ٹیوٹا،بنک آف خیبر کے حکام اور ایریگیشن،سی اینڈ ڈبلیو و معدنیات کے اعلی افسران،چیئرمین آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹر ایسوسی ایشن منہاج الدین و صدر سی سی آئی سرتاج احمد خان نے شرکت کی۔
(جاری ہے)
اجلاس میں آئندہ ہونے والی ایکسپو اور کانفرنس کے اغراض ومقاصد کے حوالے سے ڈی جی ٹیڈیپ نے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ اس میں شرکت کرنے کیلئے صوبائی اور قومی حکومتوں و متعلقہ اداروں کے حکام اور ملک کے اہم شہروں سے سرمایہ کاروں کو چترال مدعو کیا جائے گا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کانفرنس اور ایکسپو کو عملی شکل دینے کی غرض سے تمام مراحل طے کرنے کیلئے پراوینشل بورڈ آف انویسٹمنٹ اور وفاقی ادارہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی مل بیٹھ کر پلان مرتب کریں گے۔اسی طرح چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی اس ایونٹ کے انعقاد میں اپنی معاونت فراہم کرے گا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے میں چترال کو قدرتی وسائل کے لحاظ سے انتہائی اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہ خطہ کئی وسائل سے مالامال ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر ماربل،تازہ فروٹس،سیڈ جرمنیشن،جمز سٹون،ٹورازم،ہائیڈرو پاور،ڈرائی فروٹس،ثقافتی ہینڈی کرافٹس و کئی دیگر ایسے امکانی ذرائع اور وسائل ہیں جو علاقے کی معاشی ترقی اور سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی پر کشش ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وفاقی ادارے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیساتھ اس اہم ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ معاون خصوصی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ادارے اور محکمے اس سلسلے میں اپنے لئے ذمہ داریاں متعین کریں تاکہ اس ایونٹ کو ہر لحاظ سے کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔