ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کی مذمت اور خطے میں بڑھتی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی تمام شکلوں کی مذمت کرتا ہے، جن میں ایسے ماورائے عدالت قتل بھی شامل ہیں، اسماعیل ہنیہ کے اہلخانہ، فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، اس کی تازہ ترین کارروائیاں پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں ایک خطرناک اضافہ ہے، ایسی کارروائی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر سیاسی رہنماوں کی جانب سے شدید مذمت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے اسماعیل ہنیہ پر حملے جانی نقصان پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے،کہا کہ اسماعیل ہنیہ پر حملہ بربریت اورجارحیت کی شرمناک مثال ہے۔
اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مولانا فضل الرحمان نے احتجاج کا اعلان کردیا ہے کہا ملک بھر میں جمعہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے،اسماعیل ہنیہ کے درجات کی بلندی کیلئے مدارس، مساجد میں قرآن خوانی کااہتمام ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے، اسماعیل ہنیہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران گئے تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
حماس نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کردی، اعلامیے کے مطابق اسماعیل ہنیہ کو اسرائیلی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا، اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے دشمن مذموم عزائم حاصل نہیں کرسکے گا، اسماعیل ہنیہ پر حملے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، اسماعیل ہنیہ پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے،بدلہ لیں گے۔