نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) حماس سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے آج رات ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق ہنگامی اجلاس کی درخواست ایران، روس، چین اور الجزائر کے نمائندوں نے کی ہے، پاکستانی وقت کے مطابق اجلاس رات ایک بجے شروع ہوگا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل کی جانب سے بیروت اور تہران پر حملوں کو کشیدگی میں “خطرناک اضافہ” قرار دیا ہے،گوتریس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بیروت اور تہران پر حملے خطرناک اشتعال انگیزی کی نشاندہی کرتے ہیں ایسے وقت میں جب تمام کوششیں غزہ میں جنگ بندی کی جانب اور تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی جانب ہونی چاہئیں۔