اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مرکزی رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس گوجرانوالہ سے ہمارے اغواء ہونے والے ایم این اے چودھری امتیاز کے معاملے پر سو موٹو نوٹس لیں۔
اسد قیصر نے تحریک انصاف کے رہنماوں کے ساتھ خیبر پختوانخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف چوری اوردوسری طرف سینہ زوری، ہمارے آدمی کو زبردستی اغواء کیا گیا ہے، واقعہ گوجرانوالہ میں ہوا اور کہا گجرات کا گیا۔ ہم جمعہ کے دن اس معاملے پر بھرپوراحتجاج کریں گے،اگر ہمارے کارکن کو کچھ ہوگیا تو ڈی پی او گجرات خود ذمہ دار ہوں گے، ان سے پوچھ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد یہ حکومت فارغ ہوگی، مجھے یہ نظر نہیں آرہا کہ یہ حکومت زیادہ دیر چلے گی،ہمارے ملک میں آئین وقانون ہے، تم بندوق کے زور پر اسمبلی چلاتے ہو،ایسا نہیں ہوگا، تم اس ملک کے قانون کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہو، ملک میں بدامنی کا نہ رکنے والا سلسلہ ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایک پارلیمنٹیرین کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے، افسران جو کام کریں وہ رولز کے مطابق کریں، کسی کا ایجنٹ بنو گے تو یہ حکومت چند ماہ کی مہمان ہے، چیف جسٹ سے مطالبہ ہے کہ ہمارے ایم این اے کو بازیاب کرایا جائے، اس معاملے پر سو موٹو ایکشن لیا جائے،آپ نے وعدہ کیا تھا کوئی مسنگ پرسن نہیں ہوگا۔
اسد قیصر نے کہا کہ یہ ایک پختون کا وعدہ ہے کہ اگر چودھری امتیاز کو کچھ ہوا تو ڈی پی او سے حساب لوں گا، بندوق کے زور پر ملک نہیں چلایا جاسکتا، خیبرپختونخوا،بلوچستان اور لاہور میں بد امنی کا نیا سلسلہ شروع ہے، پارلیمنٹ کو ہم ربڑ سٹمپ سمجھتے تھے آپ اپنے عمل سے یہی ثابت کررہے ہو۔ ایف آئی آر میں چودھری امتیازکی گرفتاری یکم تاریخ کو ظاہر کی گئی، یکم تاریخ تو ابھی آئی نہیں،یہ عوام کی تذلیل ہے۔
رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ یہ ملک ہمارے پاس آئندہ نسلوں کیلئے اما نت ہے ،ہمارے ایک سٹنگ ایم این اے حاجی امتیاز کے ساتھ ناروا سلوک ہورہا ہے۔جس شخص کو حلقے کے عوام نے لاکھوں ووٹ دیئے آج وہ مسنگ پرسن ہیں، کیا یہ سرزمین بے آئین ہے، چیف جسٹس کی نظروں کے سامنے 2بار فیصلوں کو نہیں مانا گیا، وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر حملہ آور ہوئے جو خود کو خدا سمجھتے ہیں۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ کیا ہمارے بچوں کو اغواء نہیں کیا گیا، کیا فارم 45کے رزلٹ کو رد نہیں کیا گیا؟ آپ نے 17نشستوں والی جماعت کو بٹھادیا،اب چلائیں ملک،کیااب چل رہا ہے؟ہمارے ایم این اے حاجی امتیاز کو گرفتار کیا گیا، آج تک نہیں سنا کہ کوئی پولیس سے ملزم ہی چھڑا کرلے جائے، یہ سب کچھ پنجاب میں ہورہا ہے، اگر یہ حکم سے نہیں ہورہا تو پھر کون کررہا ہے؟
قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی خیبر پختوانخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس میں رکن قومی اسمبلی امتیاز چودھری کے بھائی چودھری اعجاز کا کہنا تھا کہ میں متعدد بار ایم این اے رہ چکا ہوں ،اس وقت سوشل ورک کررہا ہوں، ہمارا ریکارڈ پورے ملک کے سامنے ہے، ہم پر ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں۔انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں کہ حلقے کے چند لوگ حاجی امتیاز کو زبردستی چھڑا کر لے گئے، قرآن پر ہاتھ رکھ کر سچ بولوں گا، قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہوں یہ واقعہ ہوا ہی نہیں۔