پرویزالہیٰ کی طبیعت ناساز‘ ڈاکٹروں نے مکمل آرام کا مشورہ دیدیا ... سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو پسلیوں میں فریکچر کی وجہ سے سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی طبیعت ناسازہوگئی، معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے مکمل طور پر آرام کرنے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو پسلیوں میں فریکچر کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ کا لاہور کے ہسپتال میں طبی معائنہ کروایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تقریباً 45 منٹ تک معائنہ کیا، اس دوران چوہدری پرویز الہیٰ کے ایکو، کارڈیو گرام اور دل کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کی رپورٹس دیکھنے کے بعد ڈاکٹروں نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر کو مکمل بیڈ ریسٹ کا مشورہ دے دیا۔ یاد رہے کہ قید کے دوران راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باتھ روم میں گرنے کی وجہ سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو متعدد چوٹیں آئی تھیں، اس کے علاوہ چوہدری پرویزالٰہی کو امراض قلب سمیت دیگر بیماریاں بھی لاحق ہیں، جس کی بناء پر انہوں نے نے غیر قانونی بھرتی کیس میں عدالت میں پیش نہ ہونے کافیصلہ کیا ،پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں ایڈووکیٹ نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی،درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پرویز الٰہی عرصہ دراز حوالات میں بند رہے ہیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب ضعیف العمر ہونے کی وجہ سے کمزور اور لاغر ہو چکے ہیں، پی ٹی آئی رہنما کیلئے چلنا پھرنا دشوار ہے، پرویز الٰہی کی طبیعت ناساز ہے، جس کی وجہ سے ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی، زارا الٰہی اور راسخ الٰہی کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا گیا، ایڈوکیٹ ابوزرسلمان خان نیازی چوہدری فیملی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ سنایا، دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ وفاقی حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی اور زارا الٰہی ٰکا نام غیر قانونی طور پر پی سی ایل میں شامل کیا گیا ہے، عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پرویز الہیٰ اور اہل خانہ کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے۔

اس پر پڑھیں تمام خبریں Header Banner