اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2024ء) آئندہ ماہ دمبولا میں ہونے والے اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ندا ڈار کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ٹورنامنٹ19سے 28جولائی تک منعقد ہوگا۔ پاکستان ٹیم کا انتخاب کراچی میں منعقدہ چار روزہ کیمپ کے اختتام پر کیا گیا ہے۔ کیمپ ہفتے کو ختم ہوگیا تھا۔ پاکستان کے اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثنا ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبی حسن ہیں ۔عائشہ ظفر، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، ام ہانی اور وحیدہ اختر ٹیم میں جگہ نہیں بناسکیں یہ کھلاڑی گزشتہ ماہ انگلینڈ کا دورہ کرنے والے 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھیں ۔(جاری ہے) سلیکٹرز نے ارم جاوید، عمیمہ سہیل، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ارم جاوید نے اپنا 53 واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2023 میں چٹوگرام میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا ، عمیمہ نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کوئنز ٹان میں اپنا 48 واں اور آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں عروب کا ساتواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی ستمبر 2023 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں تھا۔22سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر تسمیہ رباب ٹیم میں واحد کھلاڑی ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی ہیں۔انہوں نے نومبر 2023 میں ویسٹ انڈیز اے اور تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان اے کی نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے قومی ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں ملتان کی طرف سے کھیلتے ہوئے86رنز بنائے اور 12وکٹیں حاصل کیں جبکہ قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں انہوں نے 6.36 کے اکانومی ریٹ سے چار وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 5جولائی سے کراچی میں شروع ہوگا اور 16جولائی کو ٹیم کی روانگی تک جاری رہے گا۔ ہیڈ کوچ محمد وسیم کیمپ کی نگرانی کریں گے اور انہیں عبدالرحمان (اسپن بولنگ کوچ )،جنید خان (اسسٹنٹ کوچ- بولنگ)اور حنیف ملک (اسسٹنٹ کوچ- فیلڈنگ)کی معاونت حاصل ہوگی۔حنا منور، رابعہ صدیق اور ولید احمد کو پہلے ہی منیجر ۔ فزیو اور انالسٹ مقرر کیا جاچکا ہے۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت ، نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اور ملائیشیا گروپ بی میں ہیں۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں 26 جولائی کو سیمی فائنل کھیلیں گی۔پاکستان کا مقابلہ 19 جولائی کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز بھارت سے ہوگا جب کہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اس کے میچز بالترتیب 21 اور 23 جولائی کو ہوں گے۔ Adblock test (Why?)

اس پر پڑھیں Header Banner