راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ٹی آئی کے بعدعوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے 13 اگست کی رات جلسے کی اجازت مانگ لی۔
شیخ رشید نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو تحریری درخواست دے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 13 اگست رات 10 بجے لال حویلی کے باہر جشن آزادی جلسے کی اجازت دی جائے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی آفس نے شیخ رشید کی درخواست وصول کرلی ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نےوفاقی دارالحکومت میں 13 اگست کو جلسے کرنے کی درخواست دی ہے۔درخواست پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عامر مسعود مغل کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو عدالتی احکامات پر 13 اگست کو جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کو ترنول، ایف نائن پارک یا جی نائن پشاور موڑ جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 13 اگست کی شام چار بجے جلسہ کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی پریس کلب کے باہر 5 تاریخ کو احتجاجی مظاہرہ بھی کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کو احتجاجی مظاہرہ کرنے کی باضابطہ اجازت دی جائے۔