راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2024ء) مسلح افواج پاکستان نے یوم شہدا پولیس کے موقع پر پولیس کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداکی غیر متزلزل لگن، جرات اور بے لوث قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آج افسران اور جوانوں پر مشتمل مسلح افواج اپنے شہید ہیروز کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے اپنے خون پسینے سے قوم کی حفاظت کی ہے۔ مسلح افواج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ شہداکی عظیم اور بے لوث خدمت نے قوم کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا ہے ، ان کی میراث ہمارے لئے متاثرکن اور حوصلہ افزا ہے، ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کیلئے کھڑے ہیں اور ہر ممکن طریقے سے ان کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
(جاری ہے)
شہدا کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پولیس، فوجی افسران اور جوانوں نے ملک بھر میں مختلف مقامات پر مقامی پولیس کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریبات میں شرکت کی۔ یوم شہدا پولیس امن، انصاف اور سلامتی کے حصول میں پولیس اہلکاروں کی بے پناہ قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔پاکستان کی مسلح افواج پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ مادر وطن کے دفاع کے عظیم مقصد کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں اور اس مشن کو غیر متزلزل عزم اور ہمت کے ساتھ جاری رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔متعلقہ عنوان :