ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی نژاد امریکی موسیقار رکی کیج نے ایئر انڈیا کو آن لائن جھوٹ بولنے کا مورد الزام ٹھہرا دیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق رکی کیج کی طرف سے اپنے ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایئرانڈیا نے ان کی بزنس کلاس کی سیٹ کو ’ری فنڈ‘ کیے بغیر ڈاؤن گریڈ کر دیا تھا اور انہیں اکانومی میں سیٹ دے دی تھی۔
رکی کیج کے اس دعوے پر ایئر انڈیا کی طرف سے اپنے آفیشل" ایکس "اکاؤنٹ کے ذریعے ان سے رابطہ کیا گیا اور تفصیلات ’ڈی ایم‘ کرنے کو کہا گیا۔ بعد ازاں ایئرانڈیا کی طرف سے ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ انہوں نے رکی کیج کامسئلہ حل کر دیا ہے۔ تاہم اس پوسٹ پر رکی کیج کی طرف سے بہت سخت ردعمل آیا اور انہوں نے کہا کہ ’’ایئر انڈیا کی یہ پوسٹ جھوٹ پر مبنی ہے۔ تاحال مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی مجھے ری فنڈ دیا گیا ہے۔ ‘‘
رکی کیج نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’’ایئر انڈیا کی طرف سے نہ صرف بغیر اطلاع اور ری فنڈ کے میری سیٹ ڈاؤن گریڈ کی گئی بلکہ پرواز کے عملے نے میری ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا۔ میرے ساتھ ایک سال میں تیسری بار یہ سلوک ہو رہا ہے۔ میں نے ممبئی سے بنگلور کے لیے بزنس کلاس کا ٹکٹ خریدا اور جب میں ڈیپارچر گیٹ پر پہنچا تو عملے نے مجھے ہتک آمیز لہجے میں بتایا کہ میری سیٹ ڈاؤن گریڈ کر دی گئی ہے۔ ‘‘