لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2024ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے جرمن سیاح فلورین برگ سے اپنے دفتر میں ملاقات کی اور وزیراعلی کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی امداد دی۔ یاد رہے کہ جرمن سیاح کو چند روز قبل لاہور میں سڑک کنارے سوتے ہوئے ڈاکوئوں نے لوٹ لیا تھا۔ وزیراعلی پنجاب نے اس واقع کا نوٹس لیا اور پولیس کو جلد از جلد مجرمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے جرمن سیاح فلورین برگ سے ملاقات میں انہیں بتایا کہ پاکستان آنے والے تمام سیاح ہمارے مہمان ہیں، انکی سکیورٹی اور حفاظت کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ پولیس جرمن سیاح کو لوٹنے والوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر رہی ہے اور لاہور پولیس جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لے گی۔
(جاری ہے)
جرمن سیاح فلورین برگ نے اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بہت محبت کرنے والے اور زندہ دل لوگ ہیں، جس انداز میں حکومت پنجاب اور عوام نے میرا ساتھ دیا وہ کبھی نہیں بھول سکتا۔ جرمن سیاح کا کہنا تھا کہ سیاحوں کا مجرمان سے سامنا کسی بھی ملک میں ہو سکتا ہے، پاکستان میرا پسندیدہ ترین ملک ہے یہاں دوبارہ آنا چاہوں گا۔ فلورین برگ نے کہا کہ پاکستان کی علاقائی خوبصورتی کیساتھ یہاں کے لوگوں کے دلوں کی خوبصورتی بھی مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری مدد اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھرپور محنت ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ جرمن سیاح سائیکل پر سینٹرل ایشیا اور چین سے ہوتا ہوا پاکستان پہنچا تھا اور لاہور میں سڑک پر کیمپ لگا کر سوتے ہوئے ڈاکووں نے اسے لوٹ لیا تھا۔