لاہور (ویب ڈیسک) نور بخاری ایک مشہور پاکستانی سابق فلمی اداکارہ اور ماڈل ہیں, انہوں نے 14 سال کی عمر میں فلموں کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا اپنے دور کے معروف ستاروں کے ساتھ متعدد بلاک بسٹر فلموں میں جلوہ افروز ہوئیں۔
مجھے چاند چاہیے، گھر کب آؤگے، اُف یہ لڑکیاں، میں نور کا پرستار ہوں اور دیگر ان کی مشہور فلمیں ہیں۔اداکاری کے علاوہ انہوں نے فلم ڈائریکشن میں بھی قدم رکھا، میوزک ویڈیوز میں کام کیا اور کئی ٹیلی ویژن اشتہارات میں بھی آئیں۔
نور بخاری کو ان کی شادیوں اور ذاتی زندگی کے معاملات کے باعث بھی خاصی توجہ حاصل رہی ہے۔ حال ہی میں نور نےایک اہم قدم اٹھایا جو یہ ہے کہ انہوں نے مذہب کی خاطرشوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
نور نے اپنے سابقہ شوہر عون چوہدری سے دوبارہ شادی کر لی ہے اور اب وہ اپنے بچوں کے لیے وقف ہوچکی ہیں۔
حال ہی میں وہ حفیظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں نظر آئیں جہاں انہوں نے اپنی شادیوں کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے اپنے بچوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔
اپنی شادیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے نور بخاری نے کہا کہ مجھے یاد نہیں کہ میری پہلی شادی کب ہوئی تھی اور میں یاد کرنا بھی نہیں چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ میری تمام شادیاں محبت کی تھیں، میں نے طے شدہ شادی نہیں کی جو کہ غلط تھا لیکن الحمدللہ میں اپنی موجودہ شادی سے خوش ہوں۔
نور بخاری نے کہا کہ لوگوں نے میری ایک سے زیادہ شادیوں کے بارے میں افواہیں اڑائیں لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کہیں کہ میں نے 10 شادیاں کی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس کے علاوہ انہوں نے 2 شادیاں کی ہیں۔
بچوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے 3 بچے ہیں اور وہ میرے شوہر عون چوہدری سے ہیں۔
نور بخاری نے بتایا کہ ان کا ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سب سے بڑی بیٹی 11 سال، شہربانو 4 سال اور محمد علی رضا ایک سال کا ہے۔