ممبئی (ویب ڈیسک) بنگلادیش کی سنگین صورتحال نے بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کو بھی اظہارِ خیال کرنے پر مجبور کردیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ واجد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور بھارت فرار ہوگئیں۔وہ آرمی چیف کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن سے قبل مستعفی ہوکر بھارتی شہر اگرتلہ فرار ہوئیں۔
شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے سے قبل بنگلادیش میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 300 کے قریب افراد مارے گئے، ان واقعات کی ویڈیوز اور اس حوالے سے بیانات بھی سوشل میڈیا پر آتے رہے۔اسی طرح کے ایک پیغام کو اپنی انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کرتے ہوئے سونم کپور نے تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ سب کچھ انتہائی خوفناک ہے، آئیں، ہم سب مل کر بنگلادیشی عوام کےلیے دعا کریں'۔