لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینیکا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق فٹنس ٹیسٹ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں کو 9 اگست کو طلب کیے جانے جبکہ فٹنس ٹیسٹ 10 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل دستیاب کھلاڑیوں کو بھی فٹنس ٹیسٹ کیلئے بلایا جائے گا، کچھ دستیاب کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ پہلے بھی لیے جا سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے تاحال سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان بھی نہیں ہوسکا، سینٹرل کنٹریکٹ کو فٹنس سے مشروط کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ قومی کرکٹرز کے 5 سے 6 مختلف ٹیسٹ ہوں گے اور عالمی معیار کے مطابق کھلاڑیوں کی فٹنس ڈیکلیئر کی جائے گی۔ بنگلادیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ میں ٹیسٹ سکواڈ کے بعض کھلاڑیوں کو کھلایا جائے گا، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور میر حمزہ کو بھی کھلائے جانے کا امکان ہے۔